نور مقدم کیس، ذاکر جعفر کی درخواست ضمانت کے موقع پر عدالت کے باہر احتجاج

Noor Muqaddam Case

Noor Muqaddam Case

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والد کی درخواست ضمانت کی سماعت کے موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

نور مقدم کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر کی درخواست ضمانت کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔

شاہ خاور ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ مدعی شوکت مقدم کی جانب سے پاور آف اٹارنی آج جمع کروا دوں گا، تھراپی ورکس والوں کی ضمانت منسوخی کی درخواست بھی زیر سماعت ہے، عدالت مناسب سمجھے تو ان تمام درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کرے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ضمانت منظور اور منسوخ کرنے کے اصول مختلف ہیں، ہم دونوں درخواستوں کو الگ الگ سنیں گے۔

درخواست گزار کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ اگر سماعت ملتوی ہونی ہے تو کل تک ملتوی کریں۔

عدالت نے نور مقدم کے والد کے وکیل شاہ خاور کو آج ہی وکالت نامہ داخل کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ظاہر جعفر کی والدہ عصمت ذاکر کی درخواست ضمانت پر بھی فریقین کو دوبارہ نوٹسز جاری کر دیے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر نور مقدم کے قتل کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا، احتجاج میں نور مقدم کے والد شوکت مقدم بھی شریک ہوئے۔