شمالی کوریا کی طرف سے مزید میزائل تجربات

North Korea - Missile Experiments

North Korea – Missile Experiments

پیونگ یانگ (جیوڈیسک) شمالی کوریا کے ہفتے کے روز کیے جانے والے بیلسٹک میزائل تجریات کی تصدیق جنوبی کوریا نے کی ہے۔ دوسری جانب جنوبی کوریا اور جاپان کے درمیان تجارتی جنگ کا تنازعہ شدید ہوتا جا رہا ہے۔

جنوبی کوریا کے دفاعی حکام نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا نے کم فاصلے تک مار کرنے والے دو بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کیے ہیں۔ آج ہفتے کے روز یہ بیلسٹک میزائل شمال مشرقی شہر ہام ہونگ کے قریب سے سمندر میں داغے گئے۔ یہ میزائل جزیرہ نما کوریا اور جاپان کے درمیانی سمندری علاقے میں گرے۔

گزشتہ دو ہفتوں کے دوران شمالی کوریا کی جانب سے کم فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل کے تجربات کا یہ پانچواں راؤنڈ ہے۔ شمالی کوریا کے بعض حلقوں کے مطابق حالیہ تجربات امریکا اور جنوبی کوریا کی سالانہ فوجی مشقوں کے شروع ہونے کے خلاف ردعمل کے طور پر کیے گئے ہیں۔

شمالی کوریا نے یہ تجربات ایک ایسے وقت میں کیے ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چیئرمین کم جونگ ان کا ایک خط موصول ہوا ہے۔ ٹرمپ نے اس خط کے مندرجات کو انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے اسے ایک خوبصورت تحریر قرار دیا ہے۔

اُدھر ٹوکیو اور سیئول حکومتوں کے درمیان تجارتی جنگ کی صورت شدید تر ہوتی جا رہی ہے۔ جنوبی کوریا نے دھمکی دی ہے کہ وہ جاپان کے ساتھ تجارتی جنگ کے تناظر میں خفیہ معلومات کے تبادلے کے کثیر الملکی معاہدے کو ختم کر سکتا ہے۔ یہ معاہدہ امریکا اور اُس کے اتحادیوں کے درمیان کئی برسوں کے مذاکرات کے بعد طے پایا تھا۔

اس معاہدے پر عمل درآمد نومبر سن 2016 سے شروع ہے۔ اس معاہدے میں ہر سال خود بخود توسیع ہو جاتی ہے تاوقتیکہ کوئی ملک اس سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان نہ کر دے۔ علیحدگی اختیار کرنے کی حتمی تاریخ چوبیس اگست مقرر ہے۔

جاپانی حکومت کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کے ساتھ مشکل تعلقات کے باوجود وہ اس معاہدے کو برقرار رکھنے کے حق میں ہے۔ جاپان اور جنوبی کوریا کے درمیان تجارتی تنازعے کی ابتدا دوسری عالمی جنگ کے دوران جنوبی کوریائی باشندوں کی جبری مشقت کے حوالے سے زر تاوان کا مطالبہ ہے۔