عبیداللہ کاسی کے قاتلوں تک پہنچ چکے ہیں: وزیرداخلہ بلوچستان

Ziaullah Lango

Ziaullah Lango

کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ پولیس ملک عبید اللہ کاسی کے قاتلوں تک پہنچ چکی ہے اور ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اے این پی کے رہنما ملک عبید اللہ کاسی کے قتل کے حوالے سے پیش کی گئی مذمتی قرار داد پر بحث سمیٹتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے کہا کہ ہماری حکومت نے اغوا اور قتل کے تمام واقعات کو سنجیدہ لیا ہے،کبھی غفلت نہیں کی، ہماری کوشش تھی کہ ملک عبید اللہ کاسی کو باحفاظت بازیاب کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عبید اللہ کاسی کے قاتلوں تک پہنچ چکے ہیں، ایک ملزم گرفتار ہوچکا ہے اور جلد سرغنہ قابل گرفت ہو گا۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان سمیت ملک کے دیگر علاقوں کے حالات آئیڈیل نہیں ہیں لیکن ہم نے بہت سارے ملزمان کو گرفتار کیا اور سزا بھی دلائی جب کہ عثمان کاکڑکی موت کے اسباب جاننے کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا مگر لیکن ان کے ورثا سمیت کوئی کمیشن میں پیش نہیں ہوا تو کمیشن ختم کر دیا۔