عُمان کے سلطان کا سعودی عرب کا دورہ، دونوں ممالک کے بیچ شراکت داری کا نیا عہد

Haitham bin Tariq

Haitham bin Tariq

عُمان (اصل میڈیا ڈیسک) عُمان کے سلطان ہیثم بن طارق رواں ماہ 11 جولائی کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ مملکت کی جانب سے جمعے کے روز جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس دو روزہ دورے کی دعوت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبد العزيز نے دی۔

اقتصادی تجزیہ کار عبد الرحمن الجبيری نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ سلطان ہیثم بن طارق کا مملکت کا حالیہ دورہ اقتصادی سطح پر بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ دونوں ملکوں کے اہداف کے کام آئے گا اور دنوں ملکوں کی قیادت اور عوام کی امیدوں اور توقعات کو پورا کرے گا۔

الجبیری کے مطابق دونوں ملکوں کے بیچ اقتصادی تعلقات نئے اُفق کی جانب بڑھ رہے ہیں جس کو مشترکہ حکمت عملی کا ویژن مضبوط بنا رہا ہے۔ اس کا مقصد مختلف شعبوں میں مشترکہ اقتصادی پروگراموں کی سطح کو بڑھانا ہے۔ ان میں دیرپا ترقی اور باہمی سرمایہ کاری کے اہداف نمایاں ترین ہیں۔

الجبیری نے بتایا کہ آخری دس برسوں کے دوران میں سعودی عرب اور سلطنت عُمان کے درمیان سالانہ تجارتی تبادلے کا حجم دو گنا ہو گیا ہے۔ سال 2008ء میں یہ حجم 4.4 ارب ریال سے تجاوز نہیں کر سکا جب کہ 2017ء میں یہ بڑھ کر 9 ارب ریال تک پہنچ گیا۔ اس طرح آخری دس برسوں میں (2008-2017) تجارتی حجم کی مجموعی مالیت میں 105% اضافہ ہوا اور اس کی مجموعی مالیت 86 ارب ریال ہو گئی۔

رواں سال 2021ء کی پہلی سہ ماہی میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تبادلے کا حجم تقریبا 2.152 ارب سعودی ریال تھا۔ عمُان کے لیے سعودی عرب کی نان آئل برآمدات کی قیمت 1.16 ارب ریال رہی۔

الجبیری نے مزید کہا کہ مذکورہ اعداد و شمار کی روشنی میں توقع ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان آئندہ اقتصادی مرحلے میں کئی سیکٹروں میں مزید تعاون اور اقتصادی مربوطیت دیکھی جائے گی۔

واضح رہے کہ سلطان ہیثم بن طارق کا سعودی عرب کا یہ دورہ جنوری 2020ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد عُمان کے سلطان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔