ون وے کی خلاف ورزی، شہر قائد دنیا بھر کے شہروں میں صف اول میں شامل

Traffic Police

Traffic Police

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ون وے کی خلاف ورزی میں شہر قائد دنیا بھر کے شہروں میں صف اول میں شامل ہو گیا، ٹریفک پولیس نے ایک سال میں گیارہ لاکھ افراد کو جرمانے کیے، سال بھر میں قوانین کی خلاف ورزی پر 14 ہزار سے زائد شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔

کراچی میں ٹریفک قوانین مذاق بن گئے، ون وے کی خلاف ورزی شہر میں سب سے زیادہ توڑا جانے والا قانون بن گیا۔ کروڑں کی آبادی میں لاکھوں افراد ون وے چھوٹی بڑی گاڑیاں اور موٹر سائکلیں دوڑاتے ہیں۔

ٹریفک پولیس نے سال بھر میں 11 لاکھ افراد کے چالان کاٹ دیئے، قوانین کی خلاف ورزی پر 14 ہزار سے زائد شہریوں کو گرفتار بھی کیا گیا، یہی نہیں حفاظت کے لیئے ہیلمٹ پہننا شاید کراچی والے توہین سمجھتے ہیں۔ شہر میں یومیہ 4 ہزار چالان پر بھی شہری قانون کی خلاف ورزی سے باز نہ آئے۔
سگنل توڑنے اور دیگر خلاف ورزیوں پر ٹریفک پولیس نے 35 لاکھ چالان کئے۔

ڈی آئی جی ٹریفک کو بہتری کی امید ہے، کہتے ہیں جرمانوں اور سزا کےساتھ آگاہی مہم بھی چلا رہے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے لئے اگلا مرحلہ مقدمات درج کرنے کا ہو گا۔ ون وے سمیت کسی بھی قانون کی دوسری بار خلاف ورزی پر شہری کے خلاف مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔