مخالفین کے پارلیمنٹ کو تالا لگانے پر خاتون وزیراعظم ٹینٹ میں حلف اُٹھانے پر مجبور

Samoa Prime Minster

Samoa Prime Minster

آپیا (اصل میڈیا ڈیسک) سامووا میں 22 سال سے وزیراعظم تائیلیپا سیلے میلیلیگاؤئی نے عہدے سے دستبرداری کے عدالتی حکم کو مسترد کرتے ہوئے نئی وزیراعظم کو پارلیمنٹ میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے دروازے پر تالا لگا دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سامووا میں خاتون وزیراعظم ناؤمی متعافہ کو حلف اُٹھانے سے روکنے کے لیے پارلیمنٹ کے دروازوں کو تالا لگا کر بند کردیا گیا جس پر خاتون وزیراعظم کو پارلیمنٹ کے لان میں سادہ سی تقریب میں عہدے کا حلف اُٹھانا پڑا۔

قبل ازیں ملکی عدالت نے 22 سال سے وزیراعظم کے عہدے پر براجمان تائیلیپا سیلے میلیلیگاؤئی کو عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا تھا تاہم وزیراعظم نے عدالتی حکم ماننے سے انکار کردیا تھا۔

64 سالہ ناؤمی متعافہ چیف جسٹس کے ہمراہ پارلیمنٹ حلف اُٹھانے پہنچیں تو وزیراعظم تائیلیپا سیلے میلیلیگاؤئی کے حامیوں نے پارلیمنٹ کو تالا لگادیا جس پر خاتون وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے لان میں ٹینٹ میں حلف اُٹھایا۔

دستبردار ہونے کے عدالتی حکم کو مسترد کرنے والے وزیراعظم تائیلیپا سیلے میلیلیگاؤئی نے پارلیمنٹ سے باہر حلف برداری کی تقریب کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے وزیراعظم اب بھی وہی ہیں۔