اپوزیشن اپنا وقت برباد کرنے کی بجائے 2023 کا انتطار کرے۔سردار خرم لغاری

Khurram Khan Leghari

Khurram Khan Leghari

لاہور : معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار خرم خان لغاری نے کہا ہے کہ اے پی سی جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔ حکومت ہے، حلوہ نہیں ، جسے اپوزیشن ہڑپ کر لے گی۔ اپوزیشن جماعتیں جتنی مرضی اے پی سی کر لیں، حکومت نہیں گرا سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف سیاسی ورکرز کے ساتھ ملاقات اور کارنر میٹنگ کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی ہر اے پی سی کا نتیجہ صفر نکلے گا کیونکہ حکومت کی بنیادیں مضبوط ہیں اور اسے عوامی طاقت حاصل ہے ۔ خرم لغاری نے کہا کہ یہ اے پی سی نہیں ، کرپٹ جماعتوں کا اکٹھ ہے۔ اس اکٹھ کے کرپٹ لیڈر ملکی وسائل لوٹنے میں ملوث ہیں۔

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اے پی سی والے درحقیقت اپنی کرپشن کے تحفظ کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ لیکن آج قوم نے دیکھ لیا کہ کس طرح کچھ سیاسی لیڈرز اپنی بیماری کے نام پر قوم کو بیوقوف بنائے ہوئے ہیں۔ سردار خرم خان لغاری نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ کو نظر انداز کرکے اے پی سی کا انعقاد خود کو مزید بے نقاب کرنے کے مترادف ہے۔

جو پارٹیاں ایک ایجنڈے پر متفق اور ہم قدم نہ ہو سکیں وہ کیا حکومت گرائیں گی؟۔ خرم لغاری کا کہنا تھا کہ عوام کو شعور آ چکا ، اب عوام اپوزیشن کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ اپوزیشن جماعتیں اپنا وقت یوں برباد کرنے کی بجائے 2023 کا انتطار کریں۔