تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے زیر اہتمام ”تاجدار صداقت کانفرنس“ کا انعقاد

Tanzeem Mashaikh Uzzam Pakistan

Tanzeem Mashaikh Uzzam Pakistan

لاہور : خلیفہ اول، افضل البشر بعداز انبیاء، امام العاشقین سرکار سیدنا صدیق اکبر ؓ دین حق کی سربلندی اور اشاعت اسلام میں اہم کردار ادا کیا۔ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے سرکار سیدنا صدیق اکبر ؓ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور لاثانی ویلفیئرفاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے چیئرمین قائدروحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی نے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے زیر اہتمام خلیفہ اول سرکار سیدنا صدیق اکبر ؓ کے یوم وصال کی مناسبت سے منعقدہ ”تاجدار صداقت“کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ خلیفہ اول سرکارسیدنا صدیق اکبرؓ ثانی غار اور روضہ مبارک میں بھی حضور نبی کریم ؐ کے رفیق ہیں۔ حضور نبی کریم ؐ نے سرکارسیدنا صدیق اکبر ؓ پر کسی کو فضلیت نہیں دی۔سفر معراج میں حضور نبی کریم ؐ کے رفیق حضرت جبرائیل ؑ اور سفر ہجرت میں سرکارسیدنا صدیق اکبر ؓ رفیق سفر رہے۔انہوں نے مزید کہاکہ سرکار سیدنا صدیق اکبر ؓ نے اپنے مال و اسباب سے دین اسلام اور نبی آخرالزماں حضور نبی کریم ؐ کی مددفرمائی،سرکار سیدنا صدیق اکبر ؓ کو ہی یہ شرف حاصل ہے کہ انہوں نے سفروحضر میں کبھی بھی حضور نبی کریم ؐ کا ساتھ نہ چھوڑا۔کانفرنس میں تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنما صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے بارگاہ سرور کونین ؐ اورخلیفہ اول سرکار سیدنا صدیق اکبر ؓ کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

جبکہ کانفرنس سے پیر سید احمد ندیم شاہ، پیرالطاف حسین نقشبندی، پیر سید عدنان اکرم، پیر ڈاکٹر محمد الیاس قادری، پیر جنید احمد نقشبندی،پیر محمد رمضان نقشبندی سمیت دیگر مشائخ عظام بھی خطاب کرتے ہوئے سرکار سیدنا صدیق اکبر ؓ سیرت و کردار کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔کانفرنس کے اختتام پر بارگاہ رسالت ماب ؐ میں درودوسلام کے نذرانے پیش کئے گئے جبکہ ملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔