پاک افغان سرحد پر باڑ لگنے کے بعد دہشتگردی میں نمایاں کمی آئی ہے: وزیر داخلہ بلوچستان

Pak-Afghan Border

Pak-Afghan Border

بلوچستان (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ پاک فوج کی طرف سے پاک افغان سرحد پر باڑ لگائے جانے کے بعد دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

پاک افغان سرحد سے متعلق پی سی ون پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر ضیاء اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ سے منسلک عوام کے تحفظات کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سرحد پر باڑ مکمل ہونے سے پاکستان میں امن و امان کی بحالی کے لیے ریاستی اداروں کی کوششیں رنگ لائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب مکمل ہونے پر سرحد پر طویل فاصلے تک کوریج کرنے والے سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈکٹیشن ڈیوائسز بھی نصب کی جائیں گی تاکہ غیرمعروف راستوں سے سرحد پار کرنے والے شدت پسندوں کی کڑی نگرانی کی جا سکے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ افغانستان کے سرحدی علاقے میں دہشتگردوں کی آماجگاہیں بن گئی تھیں اور سرحد پار سے دہشتگردی کے واقعات نے ہمارے امن، معاشرے اور معیشت کو تہہ و بالا کر دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سرحد پار سے دہشتگردی کو روکنے کا صرف ایک ہی طریقہ تھا کہ پوری سرحد کو باڑ لگا کر بند کر دیا جائے جس کی بعض حلقوں کی جانب سے مخالفت کی جا رہی تھی لیکن پاک فوج نے ان تمام مخالفتوں کے باوجود پاکستان کی مغربی سرحدوں کو باڑ لگا کر ہمارے ملک کو محفوظ بنا دیا جس کے مثبت اثرات فوری طور پر رونما ہونا شروع ہو چکے ہیں۔