آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں پر عملدرآمد، گورنر پنجاب نے کمیٹی تشکیل دیدی

Chaudhry Sarwar

Chaudhry Sarwar

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) گورنر پنجاب نے آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی لانے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ وزیر قانون و کوآپریٹوز پنجاب راجہ بشارت کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا۔

گورنر پنجاب سکریٹریٹ نے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے ارکان میں آب پاک اتھارٹی کے سربراہ اور سی ای او، محکمہ خزانہ، ہاؤسنگ اور پی اینڈ ڈی کے سیکریٹری اور پنجاب صاف پانی کمپنی کے سی ای او شامل کئے گئے ہیں۔

کمیٹی صاف پانی کمپنی کے اثاثہ جات، گاڑیاں اور مطالعاتی و دیگر رپورٹس آب پاک اتھارٹی کو منتقلی کے معاملات حل کرے گی۔ آب پاک اتھارٹی کے جاری منصوبوں میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ کمیٹی پی سی ون کی منظوری، فنڈز کی فراہمی اور قانون سازی جیسے مسائل کے فوری حل کے لیے معاونت کرے گی۔

وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ کمیٹی کا پہلا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا، گورنر پنجاب چودھری سرور کی ہدایت کے مطابق ہر شہری کو صاف پینے کا پانی فراہم کریں گے۔