پاکستان اور اے ڈی بی میں ایک ارب 30 کروڑ ڈالر قرض معاہدے پر دستخط

Asian Development Bank

Asian Development Bank

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت پاکستان اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے درمیان ایک ارب 30 کروڑ ڈالر مالیت کے قرضہ کے معاہدے پر دستخط ہو گئے۔

حکومت پاکستان اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے درمیان معاہدے کی تقریب اقتصادی امور ڈویژن اسلام آباد میں ہوئی جس میں معاہدے پر پاکستان کی جانب سے اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری سید پرویز عباس نے جبکہ اور ایشیائی بینک کی طرف سے کنٹری ڈائریکٹر ژیاونگ یانگ نے دستخط کیے۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کی موجودگی میں طے پانے والے معاہدے کے تحت دو پروگراموں پر کام کیا جائے گا، اس قرض کا مقصد زر مبادلہ کی شرح کو بہتر بنانا ہے جس میں سے 30 کروڑ ڈالر توانائی کے شعبے کی اصلاحات اور مالی استحکام کے لیے مختص کیے گئے۔

تقریب کے دوران گفتگو میں وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا کہ اس قرضے کے تحت حکومت کو گردشی قرض کے مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی ، اس معاہدے کے تحت ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مالی گنجائش بھی فراہم ہوگی اور اے ڈی بی کی طرف سے قرضوں کی فراہمی پاکستانی حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی نشاندہی کرتا ہے، اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر ژیاونگ یانگ کا کہنا تھا کہ اس قرضے کی منظوری اے ڈی بی کے تمام بورڈ نے متفقہ طورپر دی ہے۔