پاکستان: کورونا کیسز میں غیر معمولی کمی، 8 ماہ بعد سب سے کم شرح ریکارڈ

Pakistan Corona Cases

Pakistan Corona Cases

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا کیسز کی شرح میں غیر معمولی حد تک کمی آئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 1.69 ریکارڈ کی گئی جو 8 ماہ بعد سب سے کم شرح ہے۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 39017 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 663 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 27 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.69 فیصد سے رہی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والی شرح 8 ماہ بعد سب سے کم شرح ہے، اس سے قبل 18 اکتوبر کو مثبت کیسز کی شرح 1.64 ریکارڈ کی گئی تھی۔

ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر اموات کی تعداد 22034 ہوگئی اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 49 ہزار 838 ہوچکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 94 ہزار 352 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔