پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا بڑھنی ہے: وزیراعظم عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا بڑھنی ہے اور یہ کتنی بڑھے گی ایک ہفتے میں پتا چل جائے گا۔

راولپنڈی میں کنٹونمنٹ جنرل اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ہیلتھ ورکرز کا کلیدی کردار ہے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہیں، پوری قوم ہیلتھ ورکرز کےساتھ کھڑی ہے، اور حکومت ہیلتھ ورکرز کے پیچھے ہے، ہم ان کا پوری طرح ساتھ دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خوش قسمتی سے پاکستان میں مرض کا پھیلاؤ اور اموات امریکا اور یورپ جتنی خطرناک نہیں، پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح نسبتاً بہت کم ہے مگر ملک میں کورونا وائرس کی وبا بڑھنی ہے یہ کتنی بڑھے گی ایک ہفتے میں پتا چل جائے گا۔

اس دوران وزیراعظم عمران خان نے ماضی کے حکمرانوں کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتا ہوئے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کی صورتحال 70 کی دہائی تک بہتر تھی جس کے بعد بگڑ گئی کیونکہ ماضی کی حکومتوں نے صحت اور تعلیم کو طرف توجہ نہیں دی۔