پاکستان کی کرکٹ درست سمت میں ہے، مصباح الحق

Misbah-ul-Haq

Misbah-ul-Haq

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کرکٹ درست سمت میں ہے اور اگلی سیریز میں بہتر نتائج کے لیے پرامید ہیں۔

قومی ٹیم کے ہیڈکوچ نے کہا ہے کہ جب سے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، ایک ہی چیز پر فوکس تھا کہ سمت کو درست کرنا ہے، اس کے لیے بہت سے تجربات کیے ہیں جن سے پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس کا گراف بلند ہوسکے، بہت سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا ہے، شروع میں وہ نتائج نہیں آئے جب آپ نے چیزیں ٹھیک کرنا ہوں تو ایسا ہوتا ہے، سری لنکا، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کھیلیں، ان میں اچھے نتائج آنے میں وقت لگا، اصل چیز نیک نیتی اور درست پلاننگ کی ہے، وہ میں سمجھتا ہوں کہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ پہلے سے حالات اب کافی بہتر ہیں،درست سمت میں گامزن ہوچکے ہیں، آگے بھی جو سیریز ہیں، ان میں اچھے نتائج اور پرفارمنس میں بہتری کے لیے کوشاں ہیں، سب مل کر تبادلہ خیال کررہے ہیں کہ کس طرح چیزوں کو مزید بہتر کیا جاسکتا ہے، مجھے خوشی ہے کہ ہم اپنے فیصلوں کی بدولت درست سمت سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

ہم نے موجودہ صورت حال سے نکل کر آگے مستقبل کے لئیے سوچنا ہے، جولائی میں ہمیں انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنی ہے، تیاری کے لیے گیپ ضرور آیا ہے لیکن اب گھر پر رہ کر تمام پرانی ویڈیوز کو دیکھ کر یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہےکہ ہمارے میں کس کس شعبے میں کہاں کہاں خامیاں ہیں، جن کو بہتر بنانے پر توجہ دینا ہوگا۔