محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اسلام آباد کے قبرستان میں سپرد خاک

Dr. Abdul Qadeer Khan Funeral Prayers

Dr. Abdul Qadeer Khan Funeral Prayers

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) محسن پاکستان اور پاکستان کے نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو اسلام آباد کے ایچ 8 قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔

اس سے قبل قومی ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ احمد الغزالی نے پڑھائی۔

محسن پاکستان کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ایک انکلوژر عوام کے لیے بنایا گیا تھا جبکہ دوسرا انکلوژر وی آئی پیز کے لیے قائم کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ کے بعد ان کے جسد خاکی کو تدفین کے لیے ایچ 8 قبرستان اسلام آباد روانہ کیا گیا جہاں ان کی تدفین کردی گئی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔

نماز جنازہ سے قبل محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی جب کہ نماز جنازہ کے موقع پر بارش بھی ہوتی رہی۔