پاکستان کو ماحولیاتی کانفرنس میں نہ بلانے پر ہونیوالے شور پر حیران ہوں: وزیراعظم

 Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس میں امریکا کی جانب سے پاکستان کو دعوت نہ ملنے پر ہونے والے شور پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس میں پاکستان کو دعوت نہ ملنے کے حوالے سے ہونے والے شور پر حیران ہوں، ہماری حکومت اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور انہیں صاف اور گرین پاکستان فراہم کرنے کے عزم پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کلین گرین پاکستان، بلین ٹرین سونامی، قدرتی بنیادوں پر حل اور دریاؤں کی صفائی جیسے اقدامات اٹھائے، خیبر پختونخوا سے بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا اور گزشتہ 7 سالوں کے دوران بہت تجربہ حاصل کیا، ہماری پالیسیوں کو تسلیم کیا گیا اور سراہا گیا، اگر کوئی بھی ریاست ہم سے سیکھنا چاہتی ہے تو ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں۔

عمران خان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کے لیے پہلے ہی ترجیحات طے کر لی تھیں، اگر بین الاقوامی برادری ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ ہے تو تعاون کر سکتے ہیں۔