پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا تازہ ڈوزیئر جاری کر دیا

 Indian Atrocities in Kashmir

Indian Atrocities in Kashmir

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت اور جنگی جرائم کا تازہ ڈوزیئر جاری کر دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر ڈوزیئر تیار کیا ہے جس میں بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں جرائم پر مبنی یہ ڈوزیئر 131 صفحات پر مشتمل ہے جس میں جعلی مقابلوں، خواتین کی آبرو ریزی، زیادتی، گمنام قبروں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 3 ابواب پر مشتمل ڈوزیئر میں بھارتی جنگی جرائم کا بھی تذکرہ ہے، ڈوزیئر میں 113 حوالے دیے گئے ہیں جس میں سے 26 حوالے انٹرنیشنل میڈیا کی جائزہ رپورٹس ہیں، 41 حوالوں میں بھارتی میڈیا اور تھنک ٹینکس کی رپورٹس کا ذکرہے جبکہ 32 حوالے انٹرنیشنل ہیومن رائٹس تنظیموں کے ہیں، اس کے علاوہ ڈوزیئر میں 14 حوالے پاکستان نے دیے ہیں۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا مسلم علاقے کو اقلیت بنایا جا رہا ہے، بھارت کے 9 لاکھ فوجی مقبوضہ کشمیر پر مسلط ہیں، آزاد مبصرین کو مقبوضہ وادی میں جانے کی اجازت نہیں ہے اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جدوجہد آزادی کو دہشتگردی سے جوڑنے کے بھارتی ڈیزائن کی تفصیلات بھی ڈوزیئر میں شامل ہے، ڈوزیئر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم لوگوں کو پھنسانے کے لیے ان کے گھروں میں اسلحہ رکھا جاتا ہے۔