پاکستان کبھی بھی کشمیریوں کو تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا: آرمی چیف

General Qamar Javed Bajwa

General Qamar Javed Bajwa

راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر کو تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کبھی بھی کشمیریوں کو تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا۔

یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب میں بگل بجا کر شہداء کو سلام پیش کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب میں شہداء کے لواحقین خصوصی طور پر مدعو تھے اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں غیر ملکی سفراء، حکومتی ارکان اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک تھے۔

تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس میں تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر شہداء کے حوالے سے ایک ڈاکیومینٹری بھی پیش کی گئی جس میں شہدا کے اہلخانہ مختصر انٹرویو شامل کیے گئے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا جی ایچ کیو میں ہونے والی یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے بقاء پاکستان کا سفر شہداء کی عظیم قربانیوں سے سجا ہوا ہے، پورے یقین سے کہہ رہا ہوں کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آج کا پاکستان امن و سلامتی کا پیغام دیتا ہے، آج پاکستان میں امن کی بہتر فضا ہے، پاکستان نے اپنی ذمے داریاں بھرپور طریقے سے پوری کی ہیں، اب اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ انتہا پسندی کو عملی طور پر رد کرے۔