پاکستان امن کا علمبردار ہے، اسے کمزوری نہ سمجھا جائے: وزیراعظم

 Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے۔

یوم دفاع پاکستان پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری بہادر مسلح افواج کی جرات، بہادری اور ایثار و قربانی کی علامت ہے، پُر عزم قوم اور بہادر افواج نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 55 سال قبل اس دن ہماری پاک فوج کے افسران، سپاہیوں، بحریہ کے جوانوں اور فضائیہ کے شاہینوں نے غیور پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ دنیا پر ثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے اپنے آئین سے 370 اور 35 اے کی شقوں کو ختم کر کے نہ صرف اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کی بلکہ بے گناہ کشمیریوں پر دہشت اور خوف کا راج مسلط کر رکھا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے، دنیا کو ادراک کرنا چاہیے کہ ہماری امن کی خواہش جنوبی ایشیاء کے عوام کی اقتصادی بہبود اور خوشحالی کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن اور آئندہ نسلوں کے تابناک مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔