پاکستان خطوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے: آرمی چیف

General Qamar Javed Bajwa

General Qamar Javed Bajwa

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے اور خطوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا جس دوران آرمی چیف نے نیشنل سکیورٹی اور وارکورس کے شرکا سے خطاب میں اسٹریٹیجک اور خطے کی بدلتی صورتحال پر روشنی ڈالی۔

خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ مختلف حالات اور بدلتے چیلنجزسے نمٹنے کے لیے بہترین حکمت عملی کی ضرورت ہے، بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتیں، مہارت اورفرض کی لگن پاک فوج کا طرہ امتیاز ہے، تربیت یافتہ فوج عوامی حمایت سے ہر چیلنج کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن دشمن علاقائی استحکام کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں، پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے اور خطوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے جب کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ مسلح افواج اور قوم کےاٹوٹ رشتے کو کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی قوتوں کا مقدر ناکامی ہے۔