پاکستان کی طرف سوچ سمجھ کر دیکھنا، آج وہ نہیں جو ساڑھیاں پیش کریں: شاہ محمود کا مودی کو پیغام

Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو پیغام دیا ہے کہ سوچ سمجھ کر پاکستان کی جانب نظر اٹھانا۔

لکھی غلام شاہ میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا آج 27 فروری کی مناسبت سے دو پیغام دینا چاہتا ہوں، ایک پیغام نریندی مودی کو دینا چاہتا ہوں اور ایک پیغام بلاول بھٹو زرداری کو دینا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا مودی نے تین سال پہلے جارحیت کی اور پاکستان کی سرحدوں پر حملہ کیا، ایک جاگتی قوم تھی، تم نے حملہ کیا جس کا ہم نے جواب دیا، ہم نے ابھی نندن کو چائے پلاکر واپس بھیجا، سوچ سمجھ کر پاکستان کی طرف آنکھ اٹھانا، آج وہ نہیں جو تمہیں ساڑھیاں پیش کریں۔

بلاول بھٹو زرداری کے لیے اپنے پیغام میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا سنا ہے بلاول آج لانگ مارچ نکال رہے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ ہم سے حساب لینے نکلے ہیں تو ضرور لو ہمارا حساب، ہمارا وزیراعظم گھبراتا نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں بلاول سے 15 سال کا حساب لینے آئے ہیں، کراچی کے لوگوں کو دن دیہاڑے گن پوائنٹ پر لوٹا جا رہا ہے، بلاول سے پوچھتا ہوں کہ کراچی میں بے امنی کا ذمہ دار کون ہے؟ آئی جی، ایس پی کس کے تابع ہیں؟ بلاول سے پوچھتا ہوں کہ ورکرز کو 30 ،30 ہزار روپےکس نے دیے ہیں؟

وزیر خارجہ کا کہنا تھا آج کراچی سے نکلنے سے پہلے لوگ امن و امان سے متعلق سوال کریں گے، سروے کے مطابق 5 فیصد پنجاب کے لوگوں نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دینےکا کہا ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ایک تحصیل کی سیٹ ملی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا سندھ کے عوام کو کہتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ پی ٹی آئی کرے گی۔