پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی اپنے نام کرلی

Pakistan vs South Africa

Pakistan vs South Africa

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے دیا گیا 165 رنز کا ہدف گرین شرٹس نے 19 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا اور یوں ٹیسٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی اپنے نام کی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز میلان اور رضا ہینڈریکس نے کیا جو مایوس کن رہا اور رضا 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پروٹیز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور آدھی ٹیم 46 رنز پر پویلین پہنچ چکی تھی۔

تاہم ڈیوڈ ملر نے شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

ملر نے 45 گیندوں پر ناقابل شکست 85 رنز بنائے ، انہوں نے 7 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔

جنوبی افریقا کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔

گرین شرٹس کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے زاہد محمود نے 3 جبکہ محمد نواز اور حسن علی نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقا کے 165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز محمد رضوان اور حیدر علی نے مستحکم انداز میں کیا جبکہ پاکستان کی پہلی وکٹ 51 رنز پر حیدر علی کی گری جو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان بھی 42 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے ، حسین طلعت 5 رنز بناکر پویلین لوٹے ۔

بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا تاہم وہ بھی 44 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد آصف علی اور فہیم اشرف بھی نہ چل سکے اور بالترتیب 7 اور 10 رنز بناسکے۔ اس کے بعد محمد نواز اور حسن علی نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

پاکستان نے 19 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا اور یوں مہمان ٹیم کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

بابر اعظم 44، محمد رضوان 42 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حسن علی 20 اور محمد رضوان 18 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے تبریز شمسی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

مین آف دی میچ محمد نواز رہے جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور 18 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

وکٹ کیپر محمد رضوان کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے پہلا اور جنوبی افریقا نے دوسرا ٹی ٹوئنٹی اپنے نام کیا تھا جبکہ اس سے قبل پاکستان جنوبی افریقا کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بھی وائٹ واش کیا تھا۔