پاکستان نے جنوبی افریقا کو دھول چٹا کر سیریز اپنے نام کر لی

Pakistan vs South Africa

Pakistan vs South Africa

سنچورین (اصل میڈیا ڈیسک) چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے 145 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 ویں اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا اور یوں سیریز بھی 1-3 سے اپنے نام کی۔

سنچورین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقا کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.3 اوورز میں 144 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ حسن علی اور فہیم اشرف نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقا کے 145 رنز کے تعقاب میں گرین شرٹس کا آغاز مایوس کن رہا اور محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور فخر زمان نے نصف سنچری بنائی۔

تاہم 92 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 60 رنز بناکر پویلین لوٹے اور بابر اعظم بھی 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم کے آؤٹ ہوتے ہی کھلاڑیوں کی لائن لگ گئی اور حیدر علی، محمد حفیظ، آصف علی اور فہیم اشرف بالترتیب 3، 10، 5 اور 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس موقع پر محمد نواز نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور آخری اوور میں چھکا لگا کر گرین شرٹس کو فتح دلائی اور یوں پاکستان نے 3 وکٹوں سے میچ جیت لیا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی۔ پروٹیز کی جانب سے ولیمز اور مگالا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

فہیم اشرف کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ کپتان بابر اعظم پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔

قبل ازیں پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پروٹیز نے گرین شرٹس کو ہرا کو سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی شاندار بلے بازی کی بدولت 204 رنز کا ہدف 18 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا تھا۔