پاکستان سپر لیگ کا اگلا چیمپئن کون؟ کراچی اور لاہور میں ٹائٹل کی جنگ آج ہو گی

Pakistan Super League

Pakistan Super League

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چار ایڈیشن تک آخری نمبروں پر رہنے والی ٹیمیں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز پہلی بار ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں مدمقابل ہوں گی۔

لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان رواں سیزن میں بھی دو میچز کھیلے گئے، قذافی اسٹیڈیم میں قلندرز نے کنگز کے خلاف 8 وکٹ سے فتح حاصل کی تو دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو بآسانی 10 وکٹوں سے زیر کیا۔

یہی دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اب تک بہترین کھیل پیش کرتی ہوئی فائنل تک پہنچی ہیں۔

کراچی کنگز کے پاس بابر اعظم اور محمد عامر جیسے ہتھیار ہیں، ایلکس ہیلز اور عماد وسیم بھی میچ کا پانسہ پلٹنا جانتے ہیں تو دوسری جانب لاہور قلندرز کی مضبوطی اُس کی بولنگ ہے جہاں حارث رؤف رواں برس سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی وکٹیں لینے والے بولر ہیں تو شاہین آفریدی، دلبر حسین اور ڈیوڈ ویئسا بھی بھرپور فارم میں ہیں۔

بیٹنگ میں تجربے کار محمد حفیظ کو تمیم اقبال اور بین ڈنک کا ساتھ حاصل ہو گا۔

دونوں ٹیموں نے میچ کی تیاریاں بھی مکمل کرلیں ہیں جبکہ چمچماتی ٹرافی کی رونمائی بھی کردی گئی۔

پی ایس یل فائیو کے فاتح کا فیصلہ آج کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوجائےگا اور یہ میچ رات 8 بجے جیو سپر سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔