پاکستان سمیت دنیا بھر میں نئے سال کا آغاز

New year

New year

آکلینڈ (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں نئے سال کا آغاز ہو گیا، سب سے پہلے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں نئے سال کا آغاز ہوا جہاں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

ایکسپریس کے مطابق دنیا بھر اور پاکستان میں نئے سال کا جشن بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں رنگارنگ تقاریب منعقد ہوئیں، جشن کی سب سے بڑی تقریب بحریہ ٹاؤن میں ہوئی جہاں شاندار آتش بازی کی گئی اور میوزیکل کنسرٹ منعقد کیا گیا۔

اسی طرح ایک اور بڑی تقریب لاہور میں مینار پاکستان پر کی گئی جہاں کنسرٹ سمیت آتش بازی کی گئی۔ مختلف شہروں میں رات بارہ بجے سے ساڑھے بجے کے درمیان نئی سال کی آمد پر ہوائی فائرنگ کی گئی جس سے ملک بھر میں درجنوں افراد زخمی ہوئے۔

نئے سال پر منچلوں نے بائیکس کی ریلیاں نکالیں، ون ویلنگ کی، سائلنسر نکال کر بائیکس دوڑائیں جس پر پولیس نے گرفتاریاں بھی کیں۔ کراچی میں ہزاروں نوجوان سی ویو پہنچ گئے۔ اس بار کراچی پولیس نے سی ویو کی سڑکیں بند نہ کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ ایک روز قبل ڈبل سواری پر پابندی کا حکم نامہ وزیر اعلیٰ سندھ کے حکم پر معطل کردیا گیا تھا۔

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں سب سے پہلے نئے سال کا آغاز ہوا جہاں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، شاندار آتش بازی کے باعث نیوزی لینڈ کا اسکائی ٹاور روشنیوں سے جھلملا اٹھا جب کہ کچھ ہی دیر بعد آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بھی نئے سال کا آغاز ہوا، اس موقع پر شہر میں مختلف مقامات پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جب کہ لوگوں کی بڑی تعداد نے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔

دوسری جانب دنیا بھر میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، نیویارک ٹائم اسکوائر پر نیوایئر بال ڈروپنگ تقریب کی ریہرسل کی گئی جب کہ 12 ہزار پاونڈ وزنی بال کی تیاری میں مختلف سائز کے 2 ہزار 600 کرسٹل ٹرائی اینگلز اور 32 ہزار ایل ای ڈی لائٹس استعمال کی گئی ہیں۔

نیوایئر کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پیرس میں آئفل ٹاور کی سیکیورٹی میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے، امریکی شہر نیو یارک میں سب سے آخر میں نئے سال کا آغاز ہوگا جب کہ جرمنی کے شہر برلن میں نیو ایئر کے موقع پر آتش بازی پر پابندی لگا دی گئی ہے۔