خون کے آخری قطرے تک پاکستانی ہیں: ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر

AJK Legislative Assembly Members

AJK Legislative Assembly Members

آزاد کشمیر (اصل میڈیا ڈیسک) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران کا کہنا ہے ہم پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں اور خون کے آخری قطرے تک پاکستانی ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کا ایک سال مکمل ہونے پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں شہدائےکشمیر کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور بھارتی بربریت کی مذمت کی گئی۔

ممبر قانون ساز اسملبی حسن ابراہیم کا قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں اور خون کے آخری قطرے تک پاکستانی ہیں۔

حسن ابراہیم کا کہنا تھا کہ پالیسیاں بناتے ہوئے کشمیریوں کو اس عمل کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔

ممبر قانون ساز اسملبی آزاد کشمیر عبدالرشیدترابی کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عالمی سطح پر یہ واضح کرنے کی ضرورت ہے کہ کشمیری اور پاکستانی ایک ہیں۔

ممبر قانون ساز اسمبلی سردار عتیق احمد کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آخری وقت تک کشمیریوں کے ساتھ رہیں گے، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اداروں اور سول سوسائٹی کی بدولت کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں جب کہ پاکستان کا نیا نقشہ جموں کشمیر کے جذبات کا ا ظہار ہے۔

سردار عتیق احمد نے کہا کہ عمران خان کی تقریر کا نتیجہ ہے کہ پہلی بار دنیا میں بھارت بے نقاب ہوا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بھارت کے غیر قانونی قبضے کو ایک سال مکمل ہونے کے خلاف یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے۔