پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا

Inam Butt

Inam Butt

دوحا (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ انعام بٹ نے نے چھ باؤٹس میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ایک بار پھر خود کو چیمپئن ریسلر منوالیا۔

ورلڈ بیچ گیمز میں ریسلنگ کی 90 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے جارجیا کے پہلوان مارسا گیشویری کو شکست دے کر سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

انعام بٹ دوحا میں ہونے والے ورلڈ بیچ گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واحد ایتھلیٹ ہیں۔

فائنل میں انعام بٹ نے جارجیا کے ریسلر داتو مارسا گیشولی کو 2-5 سے شکست دی۔

ایک موقع پر جارجیئن ریسلر 0-2 سے برتری حاصل کیے ہوئے تھے لیکن انعام بٹ نے آخری پندرہ سیکنڈز میں بازی پلٹی اور تین مرتبہ اپنے حریف کو دھول چٹاتے ہوئے 2-5 سے فتح اپنے نام کرلی ۔

جیت کے بعد انعام بٹ نے پاکستان کا پرچم لہراتے ہوئے گراؤنڈ کا چکر لگایا اور سجدہ کیا۔

انعام بٹ نے آذربائیجان ، پرتگال ، جارجیا اور ترکی کے پہلوانوں کو گروپ باؤٹس میں مات دی۔

سیمی فائنل میں انعام بٹ نے اسپین کے پہلوان پیڈرو گارشیا پیریز کو بھی آؤٹ کلاس کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔