فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ایک جیسی ہے: شاہ محمود قریشی

Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو ایک جیسا قرار دے دیا۔

نیو یارک میں کمیونٹی سے خطاب میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سوداگر نہیں وہ کشمیر کا سودا نہیں کرے گا، کشمیرپر ہمارا مؤقف دو ٹوک ہے ہم باعزت طریقے سےبات کریں گے، پڑوسی کے ساتھ امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں مگر ہمارے ایشوز ہیں، انہیں بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال میں مماثلت ہے، مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا حل تلاش نہ کیا گیا تو دیرپا امن دستیاب نہیں ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی مثبت قدم ہے مگریہ ناکافی ہے، ہمیں مستقل حل کی طرف بڑھنا ہے، امت مسلمہ کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات ہیں، ہم کسی کیمپ میں نہیں جا رہے۔