ایسے لوگوں کو بورڈ میں اہمیت دی جا رہی ہے جن کا تعلق انگلینڈ سے ہے، انضمام الحق

 Inzamam-ul-Haq

Inzamam-ul-Haq

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ بورڈ میں ایسے لوگوں کو زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے جن کا کوئی نہ کوئی تعلق انگلینڈ کے ساتھ ہے یا رہا ہو۔

جناح پولو اینڈ کنٹری کلب میں پولو فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جو وعدے اور دعوے کیے تھے اس کی کوئی شکل تو نظر نہیں آئی، لیکن ابھی بھی یہ سننے میں آ رہا ہے کہ ایک یا دو سال میں اس کی کوئی شکل نظر آئے گی، لیکن ابھی سامنے کوئی چیز نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ میں ایسے لوگوں کو زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے جن کا کوئی نہ کوئی تعلق انگلینڈ کے ساتھ ہے یا رہا ہو جب کہ میرے خیال میں مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑ کر اچھا کام کیا ہے، سلیکشن اور کوچنگ دونوں فل ٹائم جاب ہیں، ان کی ایک ٹانگ سلیکشن جب کہ دوسری ٹانگ کوچنگ میں ہوتی ہے اور یہ مشکل ٹاسک ہے، سلیکشن معاملات چھوڑنا مصباح کا اچھا اقدام ہے اور وہ اپنے ایک کام پر زیادہ بہتر انداز میں فوکس کر سکیں گے۔

انضمام الحق نے کہا کہ میں نے اپنے ٹائم پر بھر پور کام کیا، جب آپ نے کرکٹ کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے تو یہ نہیں دیکھتے کہ کون سا بورڈ ہے، اگر مجھے کام کرنے کی پیشکش ہوئی اور مجھے لگا کہ بورڈ کے لئے کام کر سکتا ہوں تو ضرور کروں گا۔