پشاور: گھریلو صارفین کو گیس کی بہتر فراہمی کیلئے سی این جی اسٹیشنز 20 جنوری تک بند

 CNG Stations

CNG Stations

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے گھریلو صارفین کو گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلئے 20 جنوری تک سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل کر دی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144نافذ کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی 20 جنوری تک معطل رہے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔

جنرل منیجر ایس این جی پی ایل تاج علی خان نے بھی جیو نیوز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند کر دی ہے، اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بندے کرنے کا مقصد گھریلو صارفین کو ریلیف دینا ہے۔

دوسری جانب آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنما فضل مقیم کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گیس کی پیداوار زیادہ اور استعمال بہت کم ہے۔

فضل مقیم خان کا کہنا ہے کہ سی این جی اسٹیشنز پر دفعہ 144 لگانا غیر قانونی ہے لیکن سی این جی اسٹیشنز بند رکھیں گے۔