پشاور میں پولیس پر دستی بم کے حملوں میں تین اہلکار زخمی ہو گئے

Peshawar Police Attack

Peshawar Police Attack

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) پشاور کے دو علاقوں میں پولیس پر دستی بم کے حملوں میں تین اہل کار زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حیات آباد اور بڈھ بیر میں دستی بموں سے حملے کیے گئے جن میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بڈھ بیر میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس موبائل وین پر دستی بم پھینکا، جس میں سب انسپکٹر سمیت 3 اہلکار زخمی ہوئے ، اس کے علاوہ حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں پرانی پولیس چوکی پر دستی بم پھینکا گیا، تاہم موٹر سائیکل سواروں کے دستی بم حملے میں جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور ان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پولیس موبائل پر دستی بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔