پشاور اور کوئٹہ میں سمارٹ‌ لاک ڈاؤن کے باوجود ایس او پیز کی خلاف ورزی جاری

Market

Market

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) پشاور کے مختلف علاقوں میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کاروبار بند کرنے کے احکامات کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، دکانداروں اور خریداروں نے غیر سنجیدہ رویہ اختیار کر رکھا ہے، کورونا وائرس سے بچائو کے نہ تو احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں اور نہ ہی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ کوئٹہ میں سمارٹ لاک ڈائون کے نویں روز بھی بازاروں میں خریداروں کا رش ہے۔

شہر کے مختلف بازاروں میں لاک ڈائون سے مستثنیٰ میڈیسن، ادویات، روٹی، جنرل سٹور، سبزیوں، آٹا اور دیگر خوراک کی دکانوں کے تاجروں نے بھی حفاظتی اقدامات نہیں کیے، شہری کہتے ہیں حفاظتی اقدامات نہ کرنے والے افراد سینکڑوں افراد کی زندگیاں دائو پر لگا رہے ہیں۔

تاجروں سمیت خریداروں کے رویوں میں بھی تبدیلی نہیں آرہی، شہر کی غلہ اور سبزی منڈیوں میں خریداری کے دوران کسی قسم کے حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے، بیشتر شہریوں نے حکومت سے سخت اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔

خیبر پختونخوا میں پیر کے روز سے لاک ڈائون میں نرمی کے تحت دوبارہ کاروباری سرگرمیاں شروع ہوں گی جبکہ ٹرانسپورٹ بھی بحال کی جائے گی۔
کورونا وائرس سے بچائو کے لیے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اُدھر کوئٹہ میں سمارٹ لاک ڈائون کے نویں روز بھی بازاروں میں خریداروں کا رش ہے، بازاروں میں حکومت کے وضع کردہ ایس او پیز کی پابندی نہیں کی جا رہی اور نہ ہی ماسک، ہینڈ سینی ٹائیزر وغیرہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ بھی ایس اوپیز پرعمل کرنے کے لئے میدان میں نہیں ہے۔