پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے فوائد سے عوام محروم ہیں، مفتی محمد نعیم

Mufti Muhammad Naeem

Mufti Muhammad Naeem

کراچی : پیٹرولیم منصوعات میں کمی کے فوائد سے غریب محروم ہیں، مالدار طبقے کوہی فائدہ پہنچایا جارہاہے، ٹرانسپورٹیشن سمیت ہر چیز دن بدن مہنگی ہوتی جارہی ہے ، لاک ڈاؤن سے پریشان عوام کا مہنگائی کے ذریعے بچا کچا نوالہ چھینا جارہاہے۔پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے ساتھ دیگر اشیاء کی قیمتوں پر توجہ دینا بھی حکومتی ذمہ داری ہے۔ پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ میں رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے تاجروں کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال میں جہاں تاجر براداری خود مشکلات کی شکار ہے وہی پر ان پر ایک بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہیں وہ اپنے تاجر بھائیوں کو عوام کی اس مجبوری کا فائدہ اٹھانے نہ دیںایسے عناصر کو صفوں سے باہر کریں جو عوام کی مجبوری کا فائدہ اٹھا کر گراں فروشی کے مرتکب ہورہے ہیں انہوں نے کہاکہ ، تجارت کو اسلامی اصولوں اور شریعت کی پاسداری کرتے ہوئی کی جائے تو وہ عبادت تاجر اپنی عبادت کو ضائع ہونے سے بچائیں ،انہوںکہاکہ دنیا اس وقت تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے ایک طرف لاک ڈاؤن نے معیشتیں تباہ کردی، دوسری جانب اربوں لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں۔

ترقی یافتہ ممالک میں لاک ڈاؤن کے دوران گھروں میں سہولیات دی جارہی ہیں جبکہ ہمارے ہاں عوام کی اس مجبوری کافائدہ اٹھاکر منہ کا نوالہ بھی چھینا جارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات میں ریکارڈ کمی خوش آیند ضرور ہے لیکن حکومتی ذمہداری بنتی ہے وہ اس کے فوائد غریب و نچلے طبقے تک پہنچانے کیلئے بھی اقدامات کرے جس پر افسوس حکومتوں کی کوئی توجہ نہیں ہے ، ایک طرف ٹرانسپورٹ کرایوں میں ریکارڈ اضافہ تو دوسری جانب دودھ، سبزیاں، آٹا،دالیں، چاول سمیت دیگر ضروری اشیاء مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں ،مشکل حالات میں حکمران مہنگائی روک نہیں سکتے تو لاک ڈاون کرنے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں ہے ۔، انہوںنے کہاکہ حکومت کو توجہ دینی چاہیے اور اس مشکل وقت میں گراں فروشی سے عوام کو لوٹنے والوں کیخلاف کاروائی عمل میں لانی چاہیے اگر ایسا نہ کیاگیا تو ایک نیا بحران جنم لے گا جس کی ذمہ داری حکمران طبقے پر عائد ہو گی۔