پی آئی اے نئی مشکل میں، تمام اکاؤنٹس منجمد

PIA

PIA

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) فیڈر بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے قومی ایرلائن پی آئی اے کے اکاؤنٹس منجمد کر دیے۔

ذرائع ایف بی آر کے مطابق ٹکٹس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر پی آئی اےکے بینکس اکاونٹ منجمد کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے پچھلے 2 سال سے ٹکٹ پر وصول کی جانے والی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی جمع نہیں کرائی ، قومی ایئرلائن نے دو سال سے فیڈرل ایکسائز کے 4.50 ارب روپے ادا کرنے تھے ۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق ملک بھر میں پی آئی اے کے 50 اکاونٹس منجمد کیے گئے ہیں جن سے 46 کروڑ 50 لاکھ روپے اب تک ریکوری کی گئی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے کے اکاؤنٹس 4 ارب روپے ٹیکس ریکوری تک منجمد رہیں گے۔

ترجمان پی آئی اے نے ایف بی آر کے فیصلے کو پی آئی اے کی ساکھ مجروع کرنے کی کوشش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ مذکورہ مطلوب ٹیکس کی رقم 2016 سے2020 تک کی ہے، وفاقی کابینہ کا پی آئی اے کے اصلاحاتی عمل کے مکمل ہونے تک 2016 سے لے کر 2020 تک کی رقم منجمد رکھنے کا فیصلہ موجود ہے۔

ترجمان کے مطابق وفاقی کابینہ کے فیصلے کے متضاد ایف بی آر کا اکاونٹ منجمد کرنے کا فیصلہ پی آئی اے کی ساکھ مجروح کرنے کی کوشش ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قومی پرچم بردار ادارے کی بین القوامی سطح پر بھی سبکی کا باعث بنے گی۔

ترجمان کے مطابق 2021 کے تمام بقایا جات پہلے سے ہی جنوری 2022 میں ادا کئے جارہے ہیں، پی آئی اے کے قومی ادارے اور حکومت پاکستان کی ملکیت ہونے باوجود ایسا قدم اٹھانا نا قابل فہم ہے۔