پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست دیدی

Rawalpindi Test

Rawalpindi Test

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو ایک اننگز اور 44 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 168 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

دوسری اننگز میں نسیم شاہ نے تباہ کن بولگن کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس میں ان کی ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔

دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے بھی 4 بنگلا دیشی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

بنگلا دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں مومن الحق 41 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ نجم الحسن شنٹو نے 38 اور تمیم اقبال نے 34 رنز کی اننگز کھیلیں۔

نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری بنگلا دیشی ٹیم 233 رنز پر آؤٹ ہو گئی جب کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں بابراعظم کے 143، شان مسعود کے 100، حارث سہیل کے 75 اور اسد شفیق کے 65 رنز کی اننگز کھیلیں اور بنگلا دیش پر 212 رنز کی سبقت حاصل کی۔

دوسری اننگز میں بھی بنگلا دیشی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 168 رنز تک محدود رہے۔