پنڈی ٹیسٹ: پاکستان کو جنوبی افریقا پر 200 رنز کی برتری، 4 وکٹیں باقی

Pindi Test

Pindi Test

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان نے جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر129 رنز بنالیے جبکہ پاکستان کوجنوبی افریقا کے خلاف 200 رنزکی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی پاکستان کے ابتدائی بلے باز ناکام ثابت ہوئے اور ابتدائی تین وکٹیں 45 رنز پر گر گئیں۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز عمران بٹ اور عابد علی نے کیا لیکن پانچویں اوور میں عمران بٹ اپنا کھاتا کھولے بغیر ربادا کا شکار بن گئے، عابد علی بھی 13 رنز بنا کر مہاراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی 8 رنز بنا کر مہاراج کو وکٹ دے بیٹھے۔

دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روزکھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹوں پر129 رنزبنالیے تھے جبکہ پاکستان کوجنوبی افریقا کے خلاف 200 رنزکی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے۔،

محمد رضوان 28 اور حسن علی صفرپرکریزپرموجود ہیں جبکہ اظہرعلی 33، فہیم اشرف29 ، عابدعلی 13 اور فوادعالم 12 رنزبناکرآؤٹ ہوئے۔

کپتان بابراعظم 8 اور عمران بٹ صفر پرپویلین لوٹ گئے۔ کیشومہاراج دواورکیگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ جارج لینڈے نے 3کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

جنوبی افریقا پہلی اننگزمیں 201 رنزبناکرآؤٹ ہوئی تھی، حسن علی نے 54 رنزکے عوض پانچ کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

قبل ازیں حسن علی کی شاندار بولنگ کے باعث جنوبی افریقا کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 201 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور پاکستان کو جنوبی افریقا پر پہلی اننگز میں 71 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی۔

پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 106 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن 114 کے مجموعے پر پروٹیز کپتان کوئنٹن ڈی کوک شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر 29 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نعمان علی، فہیم اشرف، شاہین آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ٹمبا باووما 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ویان ملڈر 33 اور ایڈن مارکرم 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

خیال رہے کہ پاکستانے اپنی پہلی اننگز میں 272 رنز بنائے تھے جس میں فہیم اشرف 78 اور بابر اعظم 77 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے جبکہ جنوبی افریقا کے انرچ نوجی نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔