وزیراعظم عوام اور عدالتوں میں جھوٹے ثابت ہو چکے اس لیے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں

Maryam Aurangzeb

Maryam Aurangzeb

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت کی جانب سے شریف خاندان پر عائد کرپشن کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں 40 چور اور جھوٹے ملک پر مسلط ہیں جو مایوسی اور فرسٹریشن کا شکار ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنے جھوٹے مداریوں سے پوچھیں کہ شہباز شریف کے خلاف ثبوت عدالت میں پیش کیوں نہیں کیے؟ عوام کو ثبوت دیں کہ نواز، شہباز شریف اور شریف خاندان نے کس منصوبے سے کرپشن کا پیسہ بنایا؟

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ یہ شریف خاندان کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے اور حکومت کا ن لیگ اور شریف خاندان کے خلاف کرپشن کا جھوٹا بیانیہ نیست و نابود ہو چکا ہے۔

وزیراعظم پر شدید تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی مایوسی اور بوکھلاہٹ اس لیے ہے کیونکہ عوام اور عدالتوں میں وہ جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں، اب انہیں کٹھ پتلیوں سے تماشا رچانے کے بجائے پاکستان یا دنیا کی کسی بھی عدالت میں اپنے جھوٹ ثابت کرنا چاہئیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا اپنی ناکامی اور نااہلی سے توجہ ہٹانے کا سلسلہ پاناما جے آئی ٹی سے جاری ہے جب کہ ان کے جھوٹے الزامات کا پول بھی سپریم کورٹ، ہائیکورٹ، نیب عدالت اور جج ارشد ملک کی ویڈیو میں کھل چکا ہے۔

بعدازاں لیگی ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم عوام کو بتائیں کہ 15 ماہ میں لوٹی ہوئی کتنی رقم واپس آئی ہے۔