ننکانہ صاحب واقعے پر کوئی رواداری نہیں برتی جائے گی: وزیراعظم

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ننکانہ صاحب میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر کہا کہ یہ واقعہ میرے وژن کے خلاف ہے۔

چند روز قبل ننکانہ صاحب میں 2 مسلم گروہوں کے مابین معمولی ہاتھا پائی کا واقعہ چائے کے اسٹال پر ہوا جس کے بعد انتظامیہ نے ملزمان کوگرفتار کرلیا تھا۔

مذکورہ واقعے پر دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ننکانہ صاحب میں ہونے والے واقعے کو فرقہ وارانہ مسئلہ قرار دینے کی کوششیں غلط ہیں اور مقدس مقام کی بے حرمتی کرنے کے دعوے جھوٹے اور شرارت پر مبنی ہیں۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کا اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہنا ہے کہ ننکانہ واقعہ اور بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں پر حملے میں فرق ہے۔

عمران خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ننکانہ صاحب واقعہ میرے وژن کے خلاف ہے، یہ واقعہ حکومت، پولیس اور عدلیہ کی جانب سے ناقابل برداشت ہے، اس پر کوئی رواداری نہیں برتی جائے گی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں پر ہونے والا ظلم مودی اور آر ایس ایس کے وژن اور ایجنڈے کا حصہ ہے، آر ایس ایس کے غنڈے مسلمانوں کو مارپیٹ رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ مسلمانوں پر حملہ کرنے والوں کو بھارتی حکومت اور بھارتی پولیس کی حمایت بھی حاصل ہے۔