پولیس نے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر صفدر کو گرفتار کیا: مریم نواز

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ان کے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر ان کے شوہر کو گرفتار کیا۔

مریم نواز نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنی شوہر کی گرفتاری کی اطلاع دی اور اس سلسلے میں انہوں نے اپنے پولیٹیکل سیکرٹری ذیشان ملک کی ایک ٹوئٹ بھی شیئرکی۔

مریم نواز نے کہا کہ جب پولیس اہلکار زبردستی اندر گھسے تو وہ کمرے میں موجود تھیں اور سو رہی تھیں۔

ذیشان ملک کی جانب سے ٹوئٹ کی گئی ویڈیو میں ہوٹل کے کمرے کا ٹوٹا ہوا لاک دکھایا گیا ہے۔

گزشتہ روز پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لیے مریم نواز کراچی پہنچی تھیں جہاں مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے لگوائے تھے جس کے بعد وفاقی وزرا نے اس اقدام پر مریم نواز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے مزار قائد پر نعرے بازی کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی اور کہا کہ یہ قابل قبول نہیں ہے، اس طرح مزار قائد کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے۔

بعد ازاں پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اس معاملے پر مقدمہ درج کرانے کے لیے تھانے پہنچے تھے تاہم ایک شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا۔