کوئی طاقت کل کے جلسے کو روکے گی تو عوام کا سیلاب اسے بہا کر لے جائے گا: فضل الرحمان

Maulana Fazlur Rehman

Maulana Fazlur Rehman

ملتان (اصل میڈیا ڈیسک) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ کل ہر صورت ملتان میں جلسہ ہو گا، کارکن رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ پہنچیں۔

ملتان میں پی ڈی ایم قیادت کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی طرف سے ملک بھرمیں جلسوں کا سلسلہ جاری ہے، اسی تحریک کے سلسلے میں کل ملتان میں بھی جلسہ ہے جس کے لیے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ریاستی دہشت گردی پر اتر آئی ہے، پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل کا جلسہ ہو کر رہے گا اور عظیم الشان جلسہ ہو گا، کوئی طاقت جلسے کو روکے گی تو عوام کا سیلاب اسے بہا کر لے جائے گا۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کارکنوں کو رکاوٹیں توڑ کر جلسے میں شرکت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ڈنڈے استعمال کر رہی ہے تو کارکن بھی ڈنڈے استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے جنوری میں لانگ مارچ کرنے کا کہا تھا، لیکن لگتا ہے حکومت چاہتی ہے کہ ہم جلد لانگ مارچ کریں۔