پی پی کو ڈی چوک پر جلسے کی اجازت، عوامی مارچ اسلام آباد میں اینٹری کیلئے تیار

Public March

Public March

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پیپلز پارٹی کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر جلسے کی اجازت مل گئی جس کے بعد پی پی کا عوامی مارچ اسلام آباد میں اینٹری دینے کے لیے تیار ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے آج روات سے روانہ ہوکر ڈی چوک پہنچنے کا اعلان کیا ہے اور ڈی چوک پر ہونے والے جلسے میں پی ڈی ایم کی قیادت بھی شریک ہوگی۔

پیپلز پارٹی کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر جلسے کی اجازت مل گئی ہے اور ضلعی انتظامیہ نے جلسے کےلیے این او سی جاری کردیا ہے۔

اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ جلسہ آج شام 4 بجے سے شروع ہوگا اور رات 8 بجے تک ختم کرنا ہوگا، نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہوگی۔

دوسری جانب اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ڈی چوک پر کنٹینرز پہنچا دیے ہیں، ڈی چوک سے پارلیمنٹ اور شاہراہ دستورکی جانب جانے والی سڑک بند کر دی گئی ہے۔

پیپلز پارٹی رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہناہے کہ عوامی مارچ ، کشمیر اور خیبر پختونخوا سے آنے والے قافلوں کو روکنے کے لیے کنٹینر لگا کر راستے بند کیے جا رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان گھبراہٹ کا شکار تھے اور اب انہیں پسینے آنا شروع ہو گئے ہیں۔