پیپلزپارٹی میرا ہدف نہیں اور نہ ہی اس سے کوئی مقابلہ ہے: مریم

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اب پی ڈی ایم کا حصہ نہیں اور پی پی ان کا ہدف بھی نہیں ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے غیر رسمی کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پی ڈی ایم میں کوئی اختلاف نہیں سب ایک پیج پر ہیں، سب کا ایک ہی نظریہ ہے اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا وہی مؤقف ہے جو نواز شریف کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہے، میرا نہیں خیال کہ پیپلزپارٹی کے معاملے پر اب بات چیت کرنی چاہیے، پیپلزپارٹی میراہدف نہیں اور میرا ان سے مقابلہ نہیں ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ استعفوں کا فائدہ تب ہوتا جب پی ڈی ایم میں تمام جماعتیں استعفیٰ دیتیں، کچھ جماعتوں کی جانب سے استعفیٰ دینے سے نقصان ہوتا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عالمی میڈیا سے پتا چل رہا ہے کہ حکومت امریکا کو فضائی اڈے دے چکی ہے، یہ ایک بہت سنجیدہ معاملہ ہے، حکومت نے امریکا کو اڈے مہیا کرنے والی بات نہیں جھٹلائی لہٰذا پارلیمنٹ میں حکومت بتائے کہ کیا سودا کرکے آئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ اداروں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانےکے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور اداروں کے استعمال کے متعلق بشیر میمن کا بیان موجود ہے۔