صدرٹرمپ میں اب کرونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہو رہیں: معالج وائٹ ہاؤس

Donald Trump

Donald Trump

وائٹ ہاؤس (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کی کوئی علامات نہیں پائی گئی ہیں۔وائٹ ہاؤس کے معالج سیان کونلے نے بدھ کو ان کے طبی معائنے کے بعد بتایا ہے کہ صدر کی صحت بدستور مستحکم ہے۔

ڈاکٹر کونلے نے صدر ٹرمپ کی اجازت سے ان کی صحت کے بارے میں یہ بیان جاری کیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ صدر کو گذشتہ چار روز کے دوران میں کوئی بخار نہیں ہوا ہے اور انھیں ابتدا میں اسپتال میں داخل ہونے کے بعد آکسیجن لینے کی ضرورت پیش آئی تھی۔اس کے بعد انھیں دوبارہ آکسیجن لگانے کی ضرورت پیش نہیں آئی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو گذشتہ جمعہ کو کووِڈ-19 کا شکار ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔وہ سوموار کو اسپتال سے وائٹ ہاؤس لوٹ آئے تھے۔

انھوں نے قدرے صحت یاب ہونے کے بعد کہا ہے کہ وہ آیندہ ہفتے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن کے ساتھ مباحثے میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔تاہم ان کے حریف نے گذشتہ روز کہا تھا کہ اگر صدر بدستور کرونا وائرس میں مبتلا رہتے ہیں تو مباحثہ نہیں ہونا چاہیے۔