وزیراعظم عمران خان کراچی کے لیئے خوشخبری لیکر آ رہے ہیں، حنید لاکھانی

Hunaid Lakhani

Hunaid Lakhani

کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ کراچی کے لوگوں کے لیئے وزیراعظم عمران خان خوشخبری لیکر آ رہے ہیں اور پورے صوبے سندھ میں بارشوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ بھی وفاقی حکومت کریگی، کراچی کی بحالی، بہتری اور ترقی کے سارے معاملات کی نگرانی وزیراعظم خود کریں گے، کراچی کے انفراسٹریکچر کو ٹھیک کرنے اور لوگوں کے نقصانات کا ازالہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن سندھ حکومت کے کسی بھی وزیر کے منہ سے کراچی کی تباہی اور نقصانات کے ازالے کا لفظ نہیں نکلا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا ، حنید لاکھانی نے کہا کہ کراچی کے لوگوں اورشہر کا حال دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے اور مجھے بہت افسوس ہوتا ہے اپنے شہر کی حالت کو دیکھ کر یہاں کے لوگوں کی مشکلات کو دیکھ کر اور شہرقائد کے شہر یوں کو پریشانی میں مبتلا دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے، بارشوں میں پورا شہر تباہ ہوگیا ہے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

گلیاں سیوریج کے پانیوں سے بھری ہوئی ہیں ، گھروں میں پانی موجود ہے ، بارش زحمت کیسے بنی اس پر وقت ضائع کرنے کی بجائے اور الزام تراشیاں کرنے کی بجائے اپنی مدد آپ کے تحت ہر کسی کو اپنے محلے اور گلی کو خود ہی صاف کرنا ہوگا، سندھ حکومت کے کسی بھی ادارے کا انتظا ر کرنے کی بجائے ہر کوئی اپنی اپنی گلیوں سے پانی خود ہی نکا ل لے کیونکہ سندھ حکومت کسی بھی شہر ی کی مدد کے لیے نہیں آئے گی، اربوں روپے کا ٹیکس کراچی دیتا ہے جو کہ صوبائی حکومت کے پاس جاتا ہے لیکن بدلے میں ملتا کیا ہے سیوریج کا ناقص نظام، لوڈ شیڈنگ،ٹوٹی ہوئی سڑکیں ، بارشوں میں ڈوبنا، انہوں نے کہا کہ اب اپنے اپنے محلے کی ذمہ داری بھی شہریوں کو ہی لینی پڑیگی تھوڑا سا اور بجٹ نکالنا ہوگا اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیئے ہر شہری کو کردار ادا کرنا ہوگا، اس شہر کو ایماندار اور صاف ستھری قیادت کی ضرورت ہے جو کہ شہر کی ترقی اور بحالی سمیت عوامی فلاحی منصوبوں پر کام کرے بہت جلد پاکستان تحریک انصاف ہی اس شہر کو بہتر بنائے گی کیونکہ کراچی کی بہتری اور ترقی میں ہی پاکستان کی ترقی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں بارشوں کے دوران پی ٹی آئی کے تمام ایم پی ایز اور ایم این ایز اپنے اپنے حلقوں میں نکلے ہوئے تھے اور لوگوں کی مددکر رہے تھے۔