لگتا ہے کسی دورے سے نہیں ورلڈکپ جیت کر آ رہا ہوں: وزیراعظم عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے امریکا کے دورے سے واپسی پر کہا کہ لگتا ہے کسی دورے سے نہیں ورلڈکپ جیت کر آ رہا ہوں

وزیراعظم عمران خان امریکا کے تین روزہ کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان رات گئے دوحا سے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے جہاں وفاقی وزیرِ ہوا بازی غلام سرور خان، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور سینیٹر اعظم سواتی سمیت کئی وزرا، مشیر، پارٹی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔

عمران خان کی آمد پر اسلام آباد ائیرپورٹ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو اپنے قائد کا استقبال کرنے کے لیے کئی شہروں سے ریلیوں کی صورت میں آئے تھے۔

اسلام آباد ائیرپورٹ کے احاطے میں موجود کارکنوں نے وزیر اعظم کی آمد پر نعرے بازی کی، بھنگڑے ڈالے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے خوب جشن منایا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر خطاب کرتے ہوئے اپنے شاندار استقبال پر سب کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج ایسا لگ رہا ہے کہ میں کسی دورے سے نہیں ورلڈکپ جیت کر آرہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو کبھی مایوس نہیں کروں گا کیونکہ نہ خودکسی کے سامنے جھکا ہوں اور نہ ہی اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک سال لگا ہے ملک کو سنبھالنے میں، ہمارے جیسے ممالک سے لوگ پیسا چوری کرکے باہر لے گئے، میں نے ان ممالک کو کہا ہے کہ لوٹا گیا پیسا واپس کرانے میں ہماری مدد کریں۔

ائیرپورٹ پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چور اور ڈاکو حکومت نہ کرتے تو یہ ملک ایک عظیم ملک بن چکا ہوتا لیکن اب ہم نےاداروں کو ٹھیک کرنا ہے جو ان ڈاکوؤں نے تباہ کردیے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کومشکل حالات میں چور اور ڈاکوؤں نے ڈالا ہے لہذا ملک کا دیوالیہ کرنے والوں کو جب تک جیلوں میں نہیں ڈالیں گے اور احتساب نہیں کریں گے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

وزیراعظم نے عوام کو اعمتاد میں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اصلاحات کرنی ہیں، ادارے ٹھیک کرنے ہیں اور ایف بی آر کو ٹھیک کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی ملک سے پیسا اکٹھا کرکے اسپتال بنائیں گے، اسی قوم سے ٹیکس اور پیسا اکٹھا کریں گے اور اسی قوم پر خرچ کریں گے، جلد ہی ہمارا ملک ایک عظیم ملک بن کر سامنے آئے گا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 21 سے 23 جولائی تک امریکا کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا۔

اس دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو، امریکی اراکین کانگریس کے علاوہ پاکستانی نژاد تاجروں سے بھی ملاقات کی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے کیپیٹل ارینا میں جلسے سے خطاب بھی کیا اور مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویوز بھی دیئے۔