وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، کشمیر اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

Imran Khan - Xi Jinping Meeting

Imran Khan – Xi Jinping Meeting

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان بیجنگ کے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات سے قبل صدر شی جن پنگ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف سمیت وفد میں شامل شخصیات سے مصافحہ کیا اور ان کا خیرمقدم کیا۔

وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال، علاقائی سیکیورٹی، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم اور چینی صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر ریلوے شیخ رشید، وفاقی وزیر خسرو بختیار اور مشیر تجارت رزاق داؤد بھی موجودتھے۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر چین نے ہماری تاریخی پوزیشن کو اپنایا ہوا ہے، چین کی خواہش تھی صدر شی جن پنگ کے دورہ بھارت سے پہلے پاکستان اور چین ایک دوسرے کو اعتماد میں لیں۔

وزیر خارجہ کا کہا کہنا تھا کہ چین کی قیادت کے ساتھ سی پیک سے متعلق بھی تفصیلی گفتگو ہوئی اور بہت سی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ چین کے ساتھ تعلیم، معذور افراد کی فلاح و بہبود اور نارکوٹکس کنٹرول سے متعلق بھی ایم و یوز پر دستخط کئے ہیں۔