وزیراعظم کا امریکا کو اڈے دینے سے صاف انکار

 Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے امریکا کو افغانستان میں کارروائی کے لیے اڈے دینے سے صاف انکار کر دیا۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا کہ افغانستان میں ایکشن کے لیے کسی کو بھی پاکستانی زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

عمران خان کا اپنے انٹرویو میں یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ممکن ہی نہیں کہ ہم امریکا کو افغانستان میں ایکشن کے لیے پاکستان میں اڈے دیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں پاکستانی اور غیرملکی میڈیا میں پاکستان کی جانب سے امریکا کو زمینی و فضائی راستہ فراہم کرنے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں جن کی دفترخارجہ نے بھی تردید کی ہے۔

دوسری جانب سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں امریکی اڈوں کی خبر کو واضح الفاظ میں بے بنیاد کہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے کوئی امریکی اڈا پاکستان میں نہیں بنے گا۔