ترقی کیلیے جعلسازی کرنے پر کراچی پولیس کے ایس پی کیخلاف مقدمہ درج

Karachi Police

Karachi Police

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) میٹھادر پولیس نے کراچی پولیس کے ایس پی اعجاز ہاشمی کے خلاف ترقی کے لیے جعلسازی کا مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق سینٹرل پولیس آفس کے سینئر افسر کی جانب سے انکوائری میں جعلسازی کے مرتکب ہونے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔

ایف آئی آر نمبر 60/21 میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 468، 420 اور 471 عائد کی گئی ہیں۔

مقدمے کے مطابق ایس پی اعجاز ہاشمی نے ایس ایس پی بننے کے لیے سنیارٹی لسٹ میں نام اوپر کرانے کے لیے درخواست دی تھی جس میں تاریخ پیدائش 16 ستمبر 1963 درج کرتے ہوئے سرکاری کاغذات میں ردوبدل کیا گیا۔

اعجاز ہاشمی نے سینارٹی لسٹ میں شامل ہونے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے بھی رجوع کیا، سندھ ہائیکورٹ سے ملنے والے احکامات پر اعلیٰ افسران کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کروائی گئیں تو ایس پی اعجاز ہاشمی جعلسازی اور سرکاری کاغذات میں ردوبدل کے مرتکب قرار پائے جس پر ان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے تاہم ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔