تبلیغی جماعت کیخلاف پروپیگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہیں، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ تبلیغی جماعت کیخلاف پروپیگنڈے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، کرونا تبلیغی جماعت کی وجہ سے نہیں حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے پھیل رہاہے ، ملک دشمن عناصر وباء کو فرقہ واریت پھیلانے کے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔

بدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ تبلیغی جماعت پوری دنیا میں صبر وبرداشت کے ساتھ اسلام کی دعوت تبلیغ کا منظم نیٹ ورک ہے جو دنیا کے طول وعرض میں پھیل چکا ہے اس جماعت کی محنت سے کئی بڑی بڑی شخصیات اسلام کی طرف راغب ہوئی ہیں ، پوری دنیا سرجورڑ کر کرونا وبا کی روک تھام کیلئے کوشاں نظر آرہی ہے بڑی بڑی سپر طاقتیں اور ٹیکنالوجی رکھنے والے ممالک بھی عاجز آ چکے ہیں ایسے میں وطن عزیز کے نوجوانوں میں مسلکی تعصب بھرنے کیلئے فرقہ واریت کو ہوادینے کیلئے استعمال کیاجارہاہے جو قابل تشویش اور افسوسناک ہیں ،انہوں نے کہاکہ حکمران اپنی کوتائیوں کو چھپانے کیلئے تبلیغی جماعت کو مورد الزام نہ ٹہرائیں اور تبلیغی جماعت کے ارکان کیخلاف جو ناروا سلوک کیا جارہاہے اسے ختم کیا جائے ،انہوںنے کہاکہ پوری دنیا تبلیغی جماعت کی قانون پر پابندی اور ریاست کی پاسداری کی مثالیں دیتی ہیں یہاں کہا جارہاہے کہ تبلیغی جماعت کی وجہ سے کرونا کی وبا پھیلی ہے ،کرونا کی وبا تبلیغی جماعت کی وجہ سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی نااہلی سے پھیلی ہے۔