صوبائی کابینہ نے صحت کارڈ کے تحت لیور ٹرانسپلانٹ کے علاج کی منظوری دیدی

Meeting

Meeting

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبرپختونخوا کابینہ نے صحت کارڈ کے تحت لیور ٹرانسپلانٹ کے علاج سمیت کئی فیصلوں کی منظوری دے دی۔

معاون خصوصی اطلاعات واعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے صوبائی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کابینہ نے صحت کارڈ کے تحت لیور ٹرانسپلانٹ کے علاج کی سہولت کی منظوری دے دی،اس کے بعد بون میرو ٹرانسپلانٹ کے علاج کو بھی صحت کارڈ کے تحت مفت کیا جائیگا۔

کامران بنگش نے کہا کہ کابینہ نے ڈبلیو ایس ایس سی بنوں اور ڈبلیو ای ایس سی سوات کے چیف ایگزیکیٹو کے لیے توقیر حسین شاہ اور شیدا محمد شاہ کی منظوری دے دی،واٹر اینڈ سینٹی سروسز پشاور کے بورڈ ممبران کی تعیناتی کے لئے وزیر بلدیا ت اکبر ایوب خان کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی جس میں وزیر صحت تیمور جھگڑا، وزیر جنگلات اشتیا ق ارمڑ اور معان خصوصی اطلاعات واعلیٰ تعلیم کامران بنگش شامل ہوں گے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں پناہ گاہ رولز 2020 کی بھی منظوری دی گئی،رولز کے تحت پناہ گاہوں میں مقیم افراد کو صحت سہولیات، سیکیورٹی، مدت قیام، بچوں کے ساتھ والدین یاسرپرست کی موجودگی جیسے امور کے لیے طریقہ کار واضع ہے۔

کامران بنگش نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ2500 ایکس سروس مین کے کنٹریکٹ ملازمین super innovation period تک خیبر پختونخوا کے ملازم رہیں گے،خیبر پختونخوا حکومت صوبے سے ممنوعہ بور کے اسلحے کا خاتمہ چاہتی ہے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ محمود خان نے وزیر خوراک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا کابینہ میں محکمہ اعلیٰ تعلیم نے نوشہرہ میں ائیر یونیورسٹی کے لئے 225 کنال اراضی پاکستان ائیر فورس کو دینے پر رضامند ظاہر کردی، ائیریونیورسٹی ایک اسٹیٹ آف آرٹ انسٹیٹیوشن ہوگا،کابینہ نے ایگریکچر یونیورسٹی کے 500 ملین گرانٹ کے لئے وزیر خزانہ وصحت تیمورسلیم جھگڑا کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی، کابینہ نے عبدالولی خان یونیورسٹی کی زمین کی خریداری کی مد میں ایگزیکوشن کورٹ میں گارنٹی شورٹی بانڈ جمع کرنے کی ہدایات جاری کردی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے باچاخان میڈیکل کالج کی اراضی کی خریداری کے مد میں واجبات کی ادائیگی کے لئے 1 ہزار 234 عشاریہ2 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی، کابینہ نے صوبے کے فنکاروں،آرٹسٹوں کی امداد و معاونت کے لیے خیبر پختونخوا ڈیزرونگ آرٹسٹس انڈومنٹ فنڈ ایکٹ 2021 کی منظوری دی۔

کامران بنگش نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے لئے بنائی گئی انڈپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے لئے کارکردگی کی بنیاد پر الاونسز دینے کی منظوری دی، کابینہ نے محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی اے ڈی پی اسکیم میں پاک اسٹریا فوکاشولے انسٹیٹیوٹ آف اپلائید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام کے لئے 800 ملین روپے کی اضافی سپلمنٹری گرانٹ کی منظوری دی۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ قبائلی اضلاع میں 300 سے زائد ڈاکٹرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی، کابینہ نے محکمہ توانائی کو کورین پبلک سیکٹر کمپنی کیساتھ 1.4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی اجازت دے دی۔